4D نقطہ نظر

Image may contain: text

4D نقطہ نظر (اپروچ)
محمد شبیرخان


سڑک پر سے گزرتی ریلوے لائن کے پھاٹک اچانک بند ہوگئے۔ ریل کی آمد کا وقت تھا ،بہت ساری گاڑیا ں رُک گئیں۔ رابرٹ نے بھی گاڑی روک لی جوچند دن پہلے ہی فرانس سے اپنے ریسرچ پر کام کرنے کے لیے پاکستان پہنچا تھا۔ پھاٹک کھلنے کا انتظار کرتے ہوئے اس نے ایک منظر دیکھا،انتظار کرتے ہوئے لوگوں میں سے ایک چچا بھی تھے ، چچا نے انتظار کی زحمت گوارا نہ کی، اپنی سائیکل کندھے پراٹھائی اور ایک تنگ راستے سے ریلوے لائن عبور کرگیا۔ رابرٹ حیرانگی کے ساتھ ساتھ خوش بھی ہوا وہ دِل ہی دِل میں وقت کی اس قدر حفاظت پر اس آدمی کو شاباش دینے لگا ۔وہ سوچنے لگا کہ ’’ یہ شخص کمال کا انسان ہے جو اپنا ایک منٹ بھی ضائع نہیں کرنا چاہتا۔ یقیناً یہ انسان عظیم اور کامیاب انسان ہوگا۔‘‘ کچھ ہی دیر میں ریلوے پھاٹک کھل گئے ۔ رابرٹ نے گاڑی آگے بڑھائی ۔ کچھ دیر ڈرائیو کرنے کے بعد اس نے دیکھا کہ سڑک کنارے کافی لوگ دائرے کی شکل میں جمع ہیں ۔ اس نے گاڑی آہستہ کی اور دلچسپی سے دیکھنے لگا مگر۔۔اس کو حیرت کا شدید جھٹکا اس وقت لگا جب اس نے وہاں اس چچا کو بھی دیکھا جو سائیکل کندھے پر لاد کر ریلوے لائن عبور کرگیا تھا چچا جی  دنیا جہاں سے بے خبرانتہائی توجہ سے مجمع کے بیچ میں موجود مداری اور اس کے سانپ کو دیکھ رہا تھا۔

ہماری زندگی کی مثال بھی سائیکل والے چچا کی طرح ہے ۔جو ضرورت کے وقت ایک منٹ انتظار نہیں کرتا مگر غیر ضروری چیزو ں میں دو دوگھنٹے بھی ضائع کردیتے ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری زندگی کسی ترتیب اور پلاننگ کے بغیر گزررہی ہے۔ ہم نے اپنی ترجیحات متعین نہیں کیں جس کی وجہ سے ہم ہر مداری کی بھیڑ کے تماشائی بن کر ،عمرِ عزیز کے قیمتی ترین لمحات گزاررہے ہوتے ہیں ۔

4D  نقطہ نظر ،ایک ایسی عادت ہے جو آپ کی زندگی کو منظم کرتی ہے اور آپ کو جَری(بہادر) بناکر زندگی کے درخت سے غیر ضروری شاخیں تراشنے پر مجبور کرتی ہے۔

آئیے جانتے ہیں کہ اس اپروچ کے ذریعے ہم اپنی زندگی کو کیسے آسان بناسکتے ہیں۔
دراصل یہ اپروچ چارڈی (D) کا مجموعہ ہے۔
(1)Delete
(2) Defer 
(3) Delegate 
(4) Do it

(1)Delete (حذف کرنا)
اس نقطہ نظر کے تحت آپ نے اپنی زندگی سے وہ تمام کام Delete یعنی ختم کرنے ہیں جن کی آپ کو قطعاً ضرورت نہیں اور وہ سب کام ایک غیر ضروری بوجھ کی طرح آپ کے ساتھ منسلک ہیں ۔ایسے تمام کام جن کا نہ آپ کی ذات کو فائدہ ہے نہ ہی کسی اور کو ان کو ختم کرنا Delete اپروچ کہلاتی ہے۔

(2)Defer (مؤخر کرنا)
اس نقطہ نظر کے تحت آپ نے چیزوں کو مؤخر کردینا ہے یعنی وہ کام جن کی آپ کو ضرورت ہے مگر اشد ضرورت نہیں اور وہ ایک دن ، ہفتہ یا مہینے بعد بھی ہوسکتے ہیں ،ان کا موں کی لسٹ بناکر فوراً چھوڑدینے ہیں اور ان کے لیے ایک مناسب وقت مقرر کرکے پھر مکمل کرلینا ہے۔

(3)Delegate (حوالے کرنا)
یہ نقطہ نظر ہمیں سکھاتا ہے کہ وہ تمام کام جو زندگی میں ضروری تو ہیں مگر ان کو اگر دوسرے لوگوں کے حوالے کرکے ان سے کروائے جائیں تو کافی پریشانی اور کوفت سے بچاجا سکتاہے۔مثلاً آپ نے کوئی پوسٹ کسی کو بھیجنی ہے تو اس کے لیے ضروری نہیں کہ آپ خود اپنے ضروری کاموں کو چھوڑ کر پوسٹ آفس جائیں بلکہ کسی دوست یا عزیز سے بھی یہ کام کروایا جاسکتاہے جس سے آپ کا کام بھی ہوجائے گااور وقت کی بچت بھی ۔

(4)Do it (کر گزرنا)
یہ نقطہ نظر ہمیں عمل درآمد پر آمادہ کرتا ہے کہ جب آپ نے غیر ضروری کاموں کو ختم کردیا ، کئی ساروں کو مؤخر کردیا اور کچھ کاموں کو دوسروں کے حوالے کردیا تو اب ایکشن کا وقت آگیا ہے۔اب جو کام آپ کے پاس انتہائی ضروری اور اہم ہیں ان کو فوری طور پر کیا جائے ۔جب آپ اپنے روزمرہ کے معمول سے یہ تراش خراش کرلیں گے تو آپ پُرسکون ہوجائیں گے۔آپ کے دل و دماغ کو یکسوئی حاصل ہوگی اور اپنے اہداف کو احسن طریقے سے مکمل کرپائیں گے۔

دوستو! امید ہے کہ آپ کو4D نقطہ نظر کا نظریہ پسند آیا ہوگا۔ اس کو عمل میں لاکر جہاں آپ اپنی زندگی کو بامقصد اوراپنے اہداف کے حصول کو آسان بناسکتے ہیں وہیں غیر ضروری کاموں اور پریشانیوں سے چھٹکارا پاکر ایک’’ کامیاب انسان‘‘ بھی بن سکتے ہیں ۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں