خطاب بہ جوانان اسلام ... از علامہ اقبال



خطاب بہ جوانان اسلام
علامہ محمد اقبال

کبھی اے نوجواں مسلم! تدبر بھی کیا تو نے
وہ کیا گردوں تھا تو جس کا ہے اک ٹوٹا ہوا تارا

تجھے اس قوم نے پالا ہے آغوش محبت میں
کچل ڈالا تھا جس نے پاؤں میں تاج سر دارا

تمدن آفریں خلاق آئین جہاں داری
وہ صحرائے عرب یعنی شتربانوں کا گہوارا

سماں ‘الفقر فخری’ کا رہا شان امارت میں
”بآب و رنگ و خال و خط چہ حاجت روے زیبا را”

گدائی میں بھی وہ اللہ والے تھے غیور اتنے
کہ منعم کو گدا کے ڈر سے بخشش کا نہ تھا یارا

غرض میں کیا کہوں تجھ سے کہ وہ صحرا نشیں کیا تھے
جہاں گیر و جہاں دار و جہاں بان و جہاں آرا

اگر چاہوں تو نقشہ کھینچ کر الفاظ میں رکھ دوں
مگر تیرے تخیل سے فزوں تر ہے وہ نظارا

تجھے آبا سے اپنے کوئی نسبت ہو نہیں سکتی
کہ تو گفتار وہ کردار ، تو ثابت وہ سیارا

گنوا دی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی
ثریا سے زمیں پر آسماں نے ہم کو دے مارا

حکومت کا تو کیا رونا کہ وہ اک عارضی شے تھی
نہیں دنیا کے آئین مسلم سے کوئی چارا

مگر وہ علم کے موتی ، کتابیں اپنے آبا کی
جو دیکھیں ان کو یورپ میں تو دل ہوتا ہے سیپارا

”غنی! روز سیاہ پیر کنعاں را تماشا کن
کہ نور دیدہ اش روشن کند چشم زلیخا را”

5 تبصرے:

  1. غنی! روز سیاہ پیر کنعاں را تماشا کن
    کہ نور دیدہ اش روشن کند چشم زلیخا را
    ترجمہ
    دولتمند ۔ تاریک دن کو کنعان کے مُرشد کے ساتھ تماشہ کر
    کہ اُس کی آنکھوں کے نُور نے زلیخا کی آنکھیں روشن کر دیں

    جواب دیںحذف کریں
  2. خطاب بہ جوانان اسلام.. از علامہ اقبال کی کس کتاب میں سے ہے

    جواب دیںحذف کریں