خوشی ۔۔۔ ایک مکالمہ


خوشی - ایک مکالمہ


⁑ سب لوگ خوش کیوں نہیں رہتے؟

⁂ کیونکہ خوشی کا تعلق نصیب سے ہے۔ اور نصیب کا چوائس سے۔ ہمارے حالات ، ہماری چوائسز اور اعمال کا نتیجہ ہیں۔  ہماری چوائسز اور اعمال  ، ہماری نیّت کا۔

⁑ پر خوشی بھی تو ایک چوائس ہے۔ ہے نا؟

⁂ ہے۔ بالکل ہے۔  دراصل خوش اور مُطمئن انسان وہ ہے جو اپنا  کام کرتا ہے۔

⁑ اپنا کام؟

⁂ جی۔ اِنسان بنائے گئے تھے تاکہ یہ پتا چلے کون اچھے عمل کرتا ہے۔ بس۔

⁑ بس؟

⁂ جی۔ یہی مقصدِ حیات  ہے۔ آپ نے پڑھا  ہے ناں، سورۃ المُلک کی دوسری آیت۔

⁑ جی۔ یہی ہے۔

⁂ ہم خوش اس لئے نہیں رہتے کیونکہ ہم اُن کاموں میں  مصروف ہو جاتے ہیں جو ہمارے کرنے کے نہیں۔

⁑ مثلاً؟

⁂ مثلاً دوسروں کو پرکھتے رہنا ، بلاوجہ کھوجنا ، فضول سوالات، گفتگو اور معاملات میں وقت ضائع کرنا، بے کار کی بات چیت،  توقعات وابستہ کرنا ، پِھر انہی توقعات کی بنیاد پر فیصلے صادر کرنا ، دِلوں کے حال جاننے کے دعوے،  وغیرہ۔ اس کے علاوہ ہم  خوشی کو  ناپ تول کے روایتی پیمانوں میں سمیٹنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ ہم خوشی کو جج بھی کرتے ہیں، ہر چیز کی طرح۔ خوشی کو  اُن چیزوں سے مشروط بھی کر دیا کرتے ہیں، جو خود مشروط و معدوم  ہیں، مثلاً دولت، شہرت، اختیار۔

⁑ پر یہ تو تقریباً معمول ہے معاشرے کا۔

⁂ اِسی لئے تو خوشی غائب ہے۔ آپ یاد کیجیئے، آخری بار کب خوش ہوئے تھے؟

⁑ یاد نہیں آ رہا۔

⁂ اچھا، یہ بتائیں کہ آخری بار کِسی کو خوش کب دیکھا تھا؟

⁑ ایک مزدور کو۔ وہ ہمارے گھر پر کام کر رہا تھا۔

⁂ اُس کی  خاص بات کیا تھی؟

⁑ وہ اپنا  کام بہت اچھے طریقے سے کرتا تھا۔ کِسی اِدھر اُدھر کی بات میں ٹانگ نہیں اڑاتا تھا۔ کوئی فالتو بات  یا حرکت نہیں کرتا تھا۔ ہر وقت مُسکراتا تھا۔ اور ہاں،  لان میں گھاس پر ایسے سوتا تھا  جیسے کِسی محل میں سو رہا ہو۔

⁂ سب سے اہم بات، وہ موازنہ نہیں کرتا ہو گا۔

⁑ بالکل۔ بالکل۔

⁂ موازنہ ، میعارات سے جنم لیتا ہے، اور میعارات خوشی کا اُلٹ ہیں۔ خوشی بہت حد تک ہے اور ہونا چاہیئے کے مابین  فرق کو نہ پہچاننے کا نام ہے۔ اور ایسا اسی وقت ہو سکتا ہے جب  یا تو یہ فرق نہ ہونے کے برابر ہو، ( جو کہ اکثر ناممکن ہی ہوتا ہے) ، یا پھِر ہم  ہونا چاہیئے کی بجائے ہے پر خوش اور مُطمئن ہو جائیں۔

⁑ یہ تو  نصیب پر خوش  ہو جانے والی بات ہوئی۔

⁂ جی، یہی بات۔ کیونکہ خوشی کا تعلق نصیب سے ہے۔ اور نصیب کا چوائس سے۔ ہمارے حالات ، ہماری چوائسز اور اعمال کا نتیجہ ہیں۔  ہماری چوائسز اور اعمال  ، ہماری نیّت کا۔



تبصرہ کرکے اپنی رائے کا اظہار کریں۔۔ شکریہ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں