⚟ پہاڑ کا پیغام ⚞
منقول از اردو ورڈ بلاگ
تصور کریں کہ ایک خوبصورت پہاڑ ہے، جس کی چوٹی برف سے ڈھکی ہوئی ہے۔ جب آپ اسے دیکھیں تو آپ محسوس کریں کہ اس کا اندرونی حصہ مستقل طور پر پرسکون اور درجہ حرارت اطمینان بخش ہے؛ کہ باہر جیسا بھی موسم ہو، اس کی وجہ سے اندر کے ماحول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوتی۔
اب یہ تصور کریں کہ موسم بدلنا شروع ہوتا ہے۔ موسمِ گرما اور برسات کی آمد ہوتی ہے تو گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشیں ہوتی ہیں، اور جنگلوں میں آگ بھڑک اُٹھتی ہے؛ تاہم پہاڑ کے باطنی حصے میں ٹھہراؤ اور سکون رہتا ہے۔
گرمیاں خزاں میں تبدیل ہو جاتی ہیں، اور تیز ہواؤں کے جَھکڑ چلنا شروع ہو جاتے ہیں، درختوں کے پتے گرنے لگتے ہیں؛ پھر سردیاں آجاتی ہیں اور ساتھ میں برف اور جما دینے والی ٹھنڈ؛ اور پھر یہ بھی بہار میں بدل جاتی ہیں، برف پگھلنے لگتی ہے اور برفانی تودے گرنے لگتے ہیں۔
ان کے باوجود پہاڑ کا باطنی حصہ، پہاڑ کی گہری غار میں موجود یہ خوبصورت حصہ، موسموں کی ان تبدیلیوں کی وجہ سے مُتاثر ہونے سے محفوظ رہتا ہے۔
ہم بھی اس پہاڑ کی طرح ہیں۔ ہمیں ضرورت نہیں کہ ہم باہر کے واقعات کو اپنی خوشی، ہم آہنگی اور اتفاق لوٹنے دیں؛ چاہے وہ واقعات کتنے ہی مضبوط طوفانی غصہ کی صورت میں ہوں یا ہوائیں کتنی ہی تیز کیوں نہ ہوں۔
ہم سب کے باطن میں بھی ایک حصہ ہے جو پُرسکون اور مطمئن ہوتا ہے۔ یہ اس وقت بھی موجود ہوتا ہے جب ہمیں اس کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہم اپنے باطن کے اس حصہ میں جا کر خود کو شفایاب کر سکتے ہیں۔
پہاڑ کا باطنی حصہ کامل ہوتا ہے ― اور ہمارا بھی۔
اب دوبارہ تصور کریں کہ سیاح اس پہاڑ پر آتے ہیں۔ کوئی ریل گاڑی میں آتا ہے، کوئی ہوائی جہاز میں، کوئی بذریعہ گاڑی، کوئی کشتی، اور کوئی کسی اور ذریعہ سے۔ تو ان سب کی اپنی اپنی رائے ہوتی ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ: یہ پہاڑ اتنا خوبصورت نہیں جتنا میں نے کہیں اور دیکھا تھا۔ یہ بہت چھوٹا ہے، یا بہت زیادہ بڑا ہے، یا بہت سمٹا ہوا ہے، یا بہت زیادہ پھیلا ہوا ہے۔ لیکن پہاڑ ان کی کوئی پروا نہیں کرتا، کیونکہ وہ جانتا ہے کہ یہی تو اس کا اصل اور مثالی جوہر ہے۔
ہم، ایک مرتبہ پھر، پہاڑ کی مانند ہیں۔ لوگ ہمارے بارے میں چاہے کچھ بھی کہیں، چاہے جو تنقید کریں یا جیسا چاہیں ہمارے بارے میں سوچیں، ہمیں خدا نے کامل بنایا ہے اور اپنی قوتوں سے نوازا ہے۔ ہم پر دوسروں کی رائے اثرانداز نہیں ہونی چاہیے، حتیٰ کہ ان کی بھی نہیں جو ہمارے قریبی ہیں، جیسے ہمارے خاندان کے افراد، یا وہ جنہیں پیشہ کے اعتبار سے ہم جواب دہ ہیں، یا وہ جن سے ہمارا محبت کا رشتہ ہے۔
اس تصور کے تحت ہم پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں اور زمین پر جمے ہوئے ہیں۔ ہم دل کی گہرائی میں یہ جانتے ہیں کہ ہمارا اصل وجود ایک مثالی اور کامل روح ہے۔ دوسروں کے الفاظ ہمارا باطنی سکون اور خوشی نہیں چھین سکتے جب تک کہ ہم خود انہیں اختیار نہ دیں۔
ہمیں اپنی عظمت اور شرافت کو یاد کرتے رہنا چاہیئے؛ اس خوبصورت پہاڑ کی طرح، ہم بھی شاندار ہیں۔ ہم ہمیشہ ہی سے ہیں۔
تبصرہ کرکے اپنی رائے کا اظہار کریں۔۔ شکریہ
ماشاءاللہ ۔ جس نے بھی لکھا زبردست لکھا۔ اشتراک کرنے کا شکریہ۔ جزاک اللہ۔
جواب دیںحذف کریںایک الجھن دور ہوگئی میری۔