اساتذہ ۔۔۔۔۔ ہمارے رہبر
انسان کے اشرف المخلوقات ہونے کی بنیادی وجہ "علم" ہے جو اسے تمام مخلوقات سے منفرد اور افضل بناتا ہے، وہ علم جو اللہ رب العزت کی جانب سے اس کو ودیعت کیا گیا ہے اس کے بعد دنیا میں "علم" کے حصول و ترقی کا ذریعہ والدین کے بعد ہمارے "استاد" یا "معلم" بنتے ہیں جواپنی بہترین تربیت کے ذریعے ہمیں ایک کارآمد انسان بنانے میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں۔
ہمارا دین اسلام بھی استاد کی عزت و تکریم کا درس دیتا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں استاد کی تکریم کا جا بجا حکم ملتا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ کہنا "انما بعثت معلما" کہ مجھے ایک معلم بنا کر بھیجا گیا ہے اس بات کی واضح دلیل ہے کہ استاد کا مقام ومرتبہ نہایت بلند وبالا ہے. اور اللہ تعالی نے "ویعلمھم الکتاب والحکمۃ" کہہ کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان بحیثیت معلم بیان کرکے استاد کے مقام ومرتبہ واضح کردیا ہے.
یہ ایک بہت بھاری ذمہ داری ہے جو معلم کے کاندھوں پر ہوتی ہے، اور معاشرے کی تشکیل میں بھی ان کا نہایت اہم کردار ہوتا ہے۔ آج ہمارے ارد گرد جوابتر معاشرتی حالات نظر آتے ہیں ان میں ایک بڑا کردار اساتذہ کی کوتاہیوں کا بھی ہے مگر آج بھی ہمیں جابجا ایسے اساتذہ مل جائیں گے جو اپنی یہ ذمہ داری ملازمت سمجھ کر نہیں بلکہ فریضہ سمجھ کر ادا کرتے ہیں۔
آج دنیا بھر میں اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے "یوم اساتذہ" منایا جاتا ہے۔ اور اس موقع پر میں اپنے تمام اساتذہ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی کہ آج اگر مجھ میں کچھ اچھائی ہے تو وہ میرے والدین کے بعد میرے اساتذہ کی وجہ سے ہے۔ اورباقاعدہ اساتذہ کے علاوہ بھی ہماری زندگی میں ایسے لوگ ہوتے ہیں جو ہمیں بہت کچھ غیر رسمی طور پر بھی سکھاتے ہیں، کسی کی کوئی چھوٹی سے بات، کوئی بظاہر چھوٹا سا عمل ہمیں ایک بڑا درس دے دیتا ہے۔ لہٰذا جس سے بھی ہم کچھ بھی سیکھتے ہیں وہ بھی ایک طرح سے ہمارا استاد ہوتا ہے۔ لہٰذا ان سب کا بھی شکریہ جن سے چھوٹی چھوٹی باتیں سیکھنے کو ہمیشہ ملتی رہتی ہیں۔ اللہ سب کا جزائے خیر دے آمین!
رہبر بھی یہ ہمدم بھی یہ غم خوار ہمارے
استاد یہ قوموں کے ہیں معمار ہمارے
(شاعر نامعلوم)
دعاؤں کی طالب
سیما آفتاب
تبصرہ کرکے اپنی رائے کا اظہار کریں۔۔ شکریہ
بہت اچھے خیالات ہیں تمہارے۔ اللہ تمہیں ہمیشہ کامیاب کرے دونوں جہاں میں سرخرو اور باایمان رکھے آمین۔ جزاک اللہ
جواب دیںحذف کریںبہت شکریہ ۔۔ آمین وایاک
حذف کریں