اچھی ڈرائیونگ سے مراد یہ ہے کہ آپ جانتے ہیں کہ سڑک پر آپ کا بہترین دوست اور خیرخواہ درحقیقت "بریک" ہے ، ایکسیلیٹر نہیں۔
بریک کے بروقت استعمال کا اولین فائدہ یہ ہے کہ صورتحال کا کنٹرول آپ کے ہاتھ میں رہتا ہے جب کہ ایکسیلیٹر پر بھروسہ آپ کو دوسروں کی صوابدید کے سپرد کر دیتا ہے ۔
بریک آپ کو فیصلہ سازی کا موقع ہی فراہم نہیں کرتی بلکہ اس پر عمل درآمد کی مہلت بھی عطا کرتی ہے۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ بریک آپ کو "دوسرا موقع" دیتی ہے کہ آپ کسی نقصان سے گزرے بغیر اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کر سکیں۔ یہ نہ صرف آپ کی زندگی کے تحفظ کا باعث بنتا ہے بلکہ دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت کا ضامن بھی ہوتا ہے، کم از کم آپ کے حوالہ سے۔
نیز بریک کے استعمال کے لیے ہمہ وقت آمادگی نہ صرف آپ کو ٹریفک قوانین کی مد میں کسی بھی ممکنہ قانون شکنی سے دور رکھتی ہے بلکہ آپ کو ٹھہراو ، حلم اور بردباری بھی عطا کرتی ہے۔ اس کی ایک بڑی نشانی اس بات سے ظاہر ہوتی ہے کہ آپ کی جانب سے ہارن کا استعمال ناقابل یقین حد تک کم ہوتا چلا جاتا ہے ۔
ایکسیلیٹر کا بے محابہ استعمال آپ کو ان راستوں کا مسافر بنا سکتا ہے جو آپ کی مطلوبہ منزل کو نہیں جاتے۔ کسی کی گاڑی کو اپنے سے آگے نکلتے دیکھ کر مقابلہ پر اتر آنا اس کو تو کچھ نقصان نہیں دے گا لیکن آپ کے لیے ضرر کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ وہ تو اپنے "حساب" سے اپنی منزل مقصود کی جانب جا رہا تھا تاہم اب آپ بھی اس کے حساب سے ہی جا رہے ہیں ۔۔۔۔ لیکن کہاں ؟؟؟ اپنی منزل پر اپنی رفتار سے پہنچنا ہی دانشمندی ہے۔
زندگی کی گاڑی کے بھی ہوبہو یہی اصول ہیں ۔ تیز رفتاری نہیں ۔۔۔ احتیاط، حلم اور بردباری ۔
خود کو موقع دیجیے، زندگی بھی موقع دے گی۔
ڈاکٹر عاصم اللہ بخش
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں