جہاں دیکھو خدا کے نام کے بعد ان کا نام ائے


نبی آتے رہے۔۔۔

نبی آتے رہے آخر میں نبیوں کے امام آئے
وہ دنیا میں خدا کا آخری لے کر پیام آئے

جھکانے آئے بندوں کی جبیں اللہ کے در پر
سکھانے آدمی کو آدمی کا احترام آئے

وہ آئے جب تو عظمت بڑھ گئی دنیا میں انساں کی
وہ آئے جب تو انساں کو فرشتوں کے سلام ائے

پرِ پرواز بخشے اس نے ایسے آدمیت کو
ملائک رہ گئے پیچھے کچھ ایسے بھی مقام آئے

وہ آئے جب تو دنیا اس طرح سے جگمگا اٹھی
کہ خورشید درخشاں جس طرح بالائے بام آئے

خدا شاہد یہ ان کے فیضِ صحبت کا نتیجہ تھا
شہنشاہ گر پڑے قدموں میں جب ان کے غلام آئے

وہ ہیں بے شک بشر لیکن تشہد میں ،اذانوں میں
جہاں دیکھو خدا کے نام کے بعد ان کا نام ائے

بروزِ حشر امیںؔ جب نفسانفسی کا سماں ہوگا 
وہاں وہ کام آئیں گے جہاں کوئی نہ کام آئے

صلی اللہ علیہ وسلم


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں