ہمیں وہ آزماتا ہے


ہمیں وہ آزماتا ہے
تو اُس کے آزمانے کے
عجب اوزان ہیں، جن کو
نہ ہم سمجھے
نہ تم سمجھے
نہ کوئی اور سمجھا ہے
زمین و آسماں میں کس قدر مخلوق ہے اُس کی
کسی کو بھی نہیں، وہ صرف ہم کو آزماتا ہے
ہماری زندگی کے ارتقاء کے بِیج بننے سے ہمارے پیڑ بننے تک
ہمیں وہ آزماتا ہے
کسی کو سات دیتا ہے
کسی کو سات سے زیادہ
کسی کو ایک دیتا ہے
کسی کو ایک سے بھی کم
وہ بس یہ دیکھتا ہے کہ
کوئی جب ٹُوٹتا ہے تو
وہ اپنے ظرف کی کِن وسعتوں پہ جا کے کتنا صبر کرتا ہے
ہمیں وہ آزماتا ہے
ہمیں وہ آزماتا ہے

شاعر: نامعلوم

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں