نہ ہو گر رہبرِ کامل، سفر کامل نہیں ہوتا



شہہ کونین (صلی اللہ علیہ وسلم) کی سنت پہ جو عامل نہیں ہوتا
وہ کچھ بھی کر رہا ہو اس کو کچھ حاصل نہیں ہوتا

کرشمہ لاکھ دکھلائے ولی اس کو کہے کوئی
گروہِ اولیاء میں وہ کبھی شامل نہیں ہوتا

سفر ناقص ہی رہتا ہے کبھی منزل نہیں ملتی
نہ ہو گر رہبرِ کامل، سفر کامل نہیں ہوتا

عمل پیہم ہو پھر اللہ کی مرضی بھی حاصل ہو
تو ایسے کام میں کوئی کبھی حائل نہیں ہوتا

جو فکرِ آخرت میں رات دن بے چین رہتا ہے
خدا کی یاد سے اک آن بھی غافل نہیں ہوتا

جسے حُبِّ پیمبر ہے، جسے پاسِ شریعت ہے
وہ احکامِ شریعت سے کبھی غافل نہیں ہوتا

سمجھتا ہے خدا کو صرف جو حاجت روا اپنا
کسی کے در پہ جا کے وہ کبھی سائل نہیں ہوتا

وہ گمراہی میں رہتا ہے ہدایت مل نہیں سکتی
طریقِ حق کی جانب جس کا دل مائل نہیں ہوتا

نہیں ہوتا ہے جس میں خدمتِ مخلوق کا جذبہ
کسی کی بھی نظر میں وہ کسی قابل نہیں ہوتا

بہت تحقیق کی ثاقبؔ تیرا بس جرم یہ نکلا
خلافِ شرع باتوں کا کبھی قائل نہیں ہوتا


تبصرہ کرکے اپنی رائے کا اظہار کریں۔۔ شکریہ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں