مصنوعی وابستگیاں

Related image
تحریر: نیر تاباں
مرکزی خیال: Reclaim your heart

یاسمین مجاہد کی کتاب Reclaim your heart آجکل زیرِ مطالعہ ہے۔ مرکزی موضوع یہ ہے کہ تمام تر مصنوعی وابستگیوں (false attachments) سے جان چھڑا کر کس طرح دل کی چابی اسکو تھمائیں جو دل کا مالک ہے - اللّٰہ۔ دنیا میں رہتے ہوئے بھی دنیا میں مگن نہیں ہونا، یعنی کشتی پانی میں رہے لیکن پانی کشتی میں نہ جانے پائے کیونکہ اس میں ہلاکت ہے۔ اگر غور کریں تو تمام عبادات کا محور یہی ہے کہ اپنی دنیاوی محبتوں میں مگن نہ ہوں۔ دنیا میں رہتے ہوئے اپنے آپ کو دنیا میں غرق ہونے سے بچانے کی کوشش انتہائی مشکل ہے، اور یہی کوشش جہاد بالنفس ہے، یہی کوشش توحید کا نچوڑ ہے۔

اسلام کے پانچ ستون - کلمہ شہادت، نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج - تمام کا بنیادی مقصد انسان کو بار بار دنیا کی محبتوں سے کاٹ کر اللہ کی طرف متوجہ کرنا ہے۔ آئیں تھوڑا سا تفصیل میں دیکھتے ہیں۔

شہادت:‌ لا الہ الا اللہ! یعنی نہ صرف یہ اقرار کہ اللہ کے سوا کوئی اور معبود نہیں، بلکہ ہر ایک سے اپنی امید توڑ کر اپنی تمام تر امیدوں اور محبتوں کا محور و منبع صرف اللہ کو سمجھنا۔

نماز: روزانہ دن میں پانچ بار ہر کام چھوڑ کر اللہ کے حضور حاضر ہونا۔ یہ بھی تو ہو سکتا تھا کہ دن میں ایک بار، یا ہفتے میں ایک بار نماز ادا کرنا فرض ہوتا، یا پانچوں نمازیں ایک ہی وقت پر ادا کرنے کا حکم ہوتا۔ لیکن دن میں پانچ بار نماز کی بھی شاید یہی حکمت ہو کہ نیند کو چھوڑ کر، یا اپنا کام، اپنے بچے کو چاہے وہ اتنی دیر میں شرارت شروع کر دیں، یا اپنے چاہنے والوں سے بات ادھوری چھوڑ کر، اپنا کوئی پسندیدہ شو، کرکٹ میچ، چاہے جو بھی کام کر رہے ہیں، اس کو چھوڑ کر نماز کے لئے اٹھ جانا ہے۔ دن میں پانچ بار- یعنی ادھر دنیا میں دل لگنے لگا تھا، ادھر اللہ نے بلا لیا اور سب کچھ چھوڑ کر نماز ادا کرنے لگے۔

روزہ: کھانے پینے کا پرہیز، میاں بیوی کے تعلقات، غیر ضروری اور فضول گفتگو، تمام سے بچنا۔ جسمانی ضروریات یا جذباتی، دونوں کو ہی روکنا۔ یعنی ہر طرح کی نفسانی خواہشات سے علیحدہ ہونا۔ پورا سال نماز میں اسکی ٹریننگ تھوڑے سے وقت کے لئے ہوتی ہے، اور پھر سال میں ایک بار پورے مہینے کے لئے دورانیہ بڑھا دیا جاتا ہے۔ تا کہ مومن دنیا میں غرق نہ ہونے پائے۔

زکوٰۃ: دولت کی محبت انسان کی فطرت میں رکھ دی گئی ہے۔ زکوٰۃ دینا دولت سے الگ ہونے کی تربیت ہے۔

حج: مصنوعی وابستگیوں کو توڑنے کے لئے حج ہر لحاظ سے مکمل ہے۔ اپنا گھر، خاندان، اپنی جاب، اپنی تنخواہ، گرم بستر، نرم جوتے، برانڈڈ کپڑے، اپنی گاڑی، اپنا اسٹیٹس، یہ سب چھوڑ کر سادہ سا احرام پہن کر، زمین پر کھلے آسمان کے نیچے سونا بھی پڑے گا، حج کے مناسک ادا کرتے ہوئے دھکم پیل بھی برداشت کرنی پڑے گی، پیدل سعی بھی کرنی پڑے گی۔

اللہ نے ہمیں یہ نہیں کہا کہ دنیا چھوڑ دو، لیکن دنیا میں رہتے ہوئے بھی دنیا میں مگن نہ ہو جاؤ۔ پورا دین اسی ٹریننگ کے گرد گھومتا ہے۔ لڑکی نے باہر جانا ہے، جانتی ہے کہ حجاب اوڑھوں گی تو بال خراب ہو جائیں گے، بھنویں بنانا چھوڑوں گی تو اتنی حسین نہیں لگوں گی، لیکن پھر بھی کرتی ہے۔ لڑکا سوٹ بوٹ پہن لے لیکن داڑھی کی سنت بھی ادا کرے، لڑکی دعوتِ نظارہ دے تو بھی نظریں جھکا لے۔

ہر ہر جگہ ہمیں یہ مثالیں نظر آئیں گی۔ یہی مومن کی زندگی ہے۔ دنیا میں ایک مسافر کی طرح! تمام کام کرنے ہیں، جوگ نہیں لینا لیکن بس دنیا کی زندگی میں گم نہیں ہو جانا۔ بار بار اپنا احتساب کرنا ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں