اعتدال اور فتوی نویسی کے ضوابط۔۔۔ خطبہ جمعہ مسجد نبوی (اقتباس)

Image result for ‫مسجد نبوی‬‎

خطبہ جمعہ مسجد نبوی (اقتباس)
از  ڈاکٹر جسٹس صلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ 

ترجمہ: شفقت الرحمان مغل

فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر جسٹس صلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ نے 14 جمادی ثانیہ 1439 کا مسجد نبوی میں خطبہ جمعہ بعنوان "اعتدال اور فتوی نویسی کے ضوابط" ارشاد فرمایا، جس میں انہوں نے کہا کہ انسان کے بعد انسان کی اچھی یا بری یادیں باقی رہ جاتی ہیں اس لیے انسان کو حسن کارکردگی کے ساتھ زندگی گزارنی چاہیے، انہوں نے کہا کہ شریعت اعتدال اور میانہ روی کا نام ہے، اللہ تعالی نے شرعی احکامات انسان کی کمزوری کو مد نظر رکھ کر مرتب فرمائے ہیں، متعدد آیات اور احادیث اس بات پر زور دیتی ہیں کہ اسلام آسانی والا دین ہے، لیکن آسانی سے مراد یہ ہرگز نہیں ہے کہ انسان من مانیاں کرنے لگے اور دل چاہتے انداز میں شرعی احکام کی تعبیر اور تعمیل کرے، بلکہ آسانی سے مراد یہ ہے کہ شرعی دلائل جس چیز کی رخصت دیتے ہیں ان پر عمل کیا جائے، پھر یہ سنگین غلطی ہے کہ شریعت میں موجود اعتدال اور میانہ روی کے نام پر ایسی گری ہوئی باتیں کی جائیں جن کا اسلام سے دور کا تعلق نہ ہو، اس پر انہوں نے اہل علم کے اقوال ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ فقہی مذاہب میں موجود شاذ اور اچنبھے اقوال کو اپنانا شریعت سے دوری ہے، اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ کتاب و سنت کی روشنی میں بھر پور انداز سے عمل کرنے کی کوشش کی جائے، اور اسی کی دوسروں کو دعوت دیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر نا اہل اور مقاصد شریعت سے نابلد افراد دنیاوی مفادات کی خاطر فتوی نویسی پر تل جائیں تو یہ اسلام کے لیے انتہائی نقصان دہ امر ہے، ان کی وجہ سے بڑے بڑے فتنے بپا ہوتے ہیں، اور ان میں سے کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اپنی دنیا کی خاطر آخرت خراب نہیں کرتے بلکہ کسی کی دنیا کے لیے اپنی آخرت اجاڑ بیٹھتے ہیں، ایسے لوگوں کو روزِ قیامت کا دن اپنی نگاہوں کے سامنے رکھنا چاہیے جب انسان کے تمام بھید کھولے جائیں گے اور تمام تر کارستانیاں سب کے سامنے رکھی جائیں گی، فتوی نویسی میں جلد بازی کی مذمت میں انہوں نے اہل علم کے اقوال ذکر کیے، نیز انہوں نے کہا کہ ایسی فتوی نویسی کو اللہ تعالی اپنی ذات پر تہمت اور جھوٹ قرار دیا ہے، پھر دوسرے خطبے میں انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں غلو اور بے جا سختی سے اجتناب کرنے کی تلقین کرتے ہوئے صراط مستقیم پر گامزن رہنے کی تلقین فرمائی، اور آخر میں جامع دعا مانگی۔

منتخب اقتباس:

تمام تعریفیں اللہ تعالی کے لیے ہیں جس نے مومنوں کو روشن بصیرت عطا کی، مکلف بندوں کے لیے حلال اور حرام واضح فرمایا، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی حقیقی معبود نہیں وہ یکتا ہے اس کا کوئی شریک، معاون اور مدد گار نہیں، اور یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ ہمارے نبی سیدنا محمد اس کے بندے اور رسول ہیں ، آپ نے راہ چلتے افراد کے لیے احکامات واضح اور راستے کی نشانیاں مقرر فرمائیں، اللہ تعالی آپ پر ، آپ کی اولاد اور صحابہ کرام پر رحمتیں برکتیں اور سلامتی نازل فرمائے۔

مسلمانو! تقوی الہی اپناؤ ؛ کیونکہ سانسیں گنی جا چکی ہیں، اعمال کی کڑی نگرانی جاری ہے:


"انسان کو اس کی خوبیوں کے ذریعے یاد کیا جاتا ہے،
 اس لیے اپنے اچھے تذکرے کی عمارت کو بلندیوں تک لے جا

یہ ذہن نشین کر لو! یقیناً تمہارا کبھی نہ کبھی ذکر ضرور ہو گا،
 اس وقت کہا جائے گا: فلاں بہت اچھا تھا یا کہا جائے گا کہ وہ برا تھا!"

اس لیے اپنی زبان کو لگام دو، صرف تشنگی دور کرنے والی نصیحت، یا حکمت بھری بات، یا جامع خیر خواہی یا اچھا کلام ہی زبان سے نکالو،
 {يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَقُولُوا قَوْلًا سَدِيدًا (70) يُصْلِحْ لَكُمْ أَعْمَالَكُمْ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ وَمَنْ يُطِعِ اللَّهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِيمًا}
 اے ایمان والو، اللہ سے ڈرو اور ہمیشہ راست گوئی سے کام لو [70] اللہ تعالی تمہارے معاملات سنوار دے گا اور تمہارے گناہ معاف کر دے گا، اور جو شخص بھی اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے تو وہ بہت بڑی کامیابی پا گیا۔ [الأحزاب: 70، 71]

مسلمانو!

شریعت اعتدال اور میانہ روی لے کر آئی ہے، اس کی دلیل یہ ہے کہ شریعت کے احکام میں آسانی، وسعت اور کشادگی ہے، پھر مکلف افراد سے تنگی کو دور رکھا گیا ہے، اللہ تعالی کا فرمان ہے: 
{وَمَا جَعَلَ عَلَيْكُمْ فِي الدِّينِ مِنْ حَرَجٍ}
 اور اس نے تم پر دین میں کوئی تنگی نہیں بنائی۔ [الحج: 78]

ایک اور مقام پر فرمایا: 
{يُرِيدُ اللَّهُ أَنْ يُخَفِّفَ عَنْكُمْ وَخُلِقَ الْإِنْسَانُ ضَعِيفًا}
 اللہ تعالی چاہتا ہے کہ تم پر نرمی کرے، اور انسان کو کمزور پیدا کیا گیا ہے۔[النساء: 28]

 یعنی مطلب یہ ہے کہ: اللہ تعالی تم پر اپنے شرعی احکامات، اوامر اور نواہی میں اس حد تک نرمی کرتا ہے جس کی تم استطاعت رکھتے ہو؛ {وَخُلِقَ الْإِنْسَانُ ضَعِيفًا} اور انسان کو کمزور پیدا کیا گیا ہے۔ [النساء: 28]
 چنانچہ انسان کی کمزوری اور ناتوانی کی بنا پر نرمی اور آسانی انسان کے لیے مناسب ہے۔

سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (بے شک دین آسان ہے اور جو شخص دین میں سختی اختیار کرے گا تو دین اس پر غالب آ جائے گا [یعنی اس کی سختی نہ چل سکے گی ] لہذا ہر ممکنہ حد تک صحیح انداز سے عمل کرو اور خوش ہو جاؤ [ کہ اس طرز عمل سے تم کو دارین کے فوائد حاصل ہوں گے ] اور صبح ،دوپہر، شام اور کسی قدر رات میں [ عبادت سے ] مدد حاصل کرو) متفق علیہ

اور ایک روایت میں ہے: (بیشک تمہاری بہترین دینداری وہ ہے جو آسانی سے ہو، بیشک تمہاری بہترین دینداری وہ ہے جو آسانی سے ہو) مسند احمد

انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (آسانی کرو، سختی مت کرو، اطمینان پھیلاؤ متنفر مت کرو) بخاری ، مسلم

جس معاملے میں بھی مشکل در پیش ہو تو وہاں آسانی ہماری شریعت کے قواعد میں سے ہے۔

لیکن یہاں آسانی سے مراد ہرگز یہ نہیں ہے کہ: فقہی مذاہب اور علمائے کرام کے موقف میں سے رخصتوں کو تلاش کر کے آسان ترین موقف پر عمل کیا جائے، بلکہ یہاں آسانی سے مراد شرعی رخصتیں مراد ہیں جن کے بارے میں شرعی دلائل موجود ہیں اور اہل عذر افراد مثلاً: مریض، مسافر ، یا چھوٹے بچے کے لیے فرائض اور واجبات میں رخصت دی گئی ہے۔

ابو حمزہ کہتے ہیں کہ : "میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سفر میں روزہ رکھنے کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا: "آسانی اور مشکل دو چیزیں ہیں، تو اللہ تعالی کی طرف سے دی گئی آسانی پر عمل کرو""

قتادہ رحمہ اللہ فرمانِ باری تعالی : {يُرِيدُ اللَّهُ بِكُمُ الْيُسْرَ وَلَا يُرِيدُ بِكُمُ الْعُسْرَ}
 اللہ تعالی تمہارے لیے آسانی چاہتا ہے وہ تمہارے لیے مشکل نہیں چاہتا ۔[البقرة: 185] 
کے بارے میں کہتے ہیں: "تو تم وہی اختیار کرو جو اللہ تعالی تمہارے لیے چاہتا ہے"

شریعت میں موجود اس قسم کے اعلی اور خوبصورت قطعی مفاہیم کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ اللہ تعالی پر بہتان باندھتے ہوئے اعتدال اور میانہ روی کے نام پر ایسی باتیں شریعت میں شامل کر دی جائیں جو بے دلیل اور ہوس پرستی کے مطابق ہوں، اور بلا دلیل ہر چیز کی اجازت دینے والوں کے فتوے تلاش کیے جائیں۔

ابن حزم رحمہ اللہ کہتے ہیں: "کچھ لوگوں کی دینی حالت اور تقوی کی اتنی پتلی حالت ہو چکی ہے کہ وہ اپنی خواہشات کی تکمیل کے لیے کسی کا بھی فتوی تلاش کرنے کے لیے تیار ہیں، چنانچہ وہ ہر اس شخص کا موقف اپناتے ہیں جس میں چھوٹ اور رخصت ہو، انہیں اس چیز کی غرض نہیں ہوتی کہ اللہ تعالی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان نے ہم پر کیا واجب کیا ہے۔"

امام احمد رحمہ اللہ کہتے ہیں: "اگر کوئی شخص ہر رخصت والے فتوے پر عمل کرے تو وہ فاسق ہو جائے گا"

یہ بڑی آزمائش ہے کہ ایسے لوگ فتوے صادر کرنے لگیں جو اہل علم کے ہاں نامعلوم یا غیر معروف ہیں، فتوی نویسی میں ان کا کوئی مقام و مرتبہ نہیں ہے، وہ در حقیقت اس بات سے دھوکا کھا گئے کہ ان سے سوال پوچھنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، نیز جاہل ترین لوگ ان سے سوال کرنے میں پہل کرتے ہیں۔

مسلمانو!

نا اہل لوگوں کے شاذ فتوے اور ان کے غیر معقول موقف اسلام کو منہدم کرنے اور دین کا حلیہ بگاڑنے کا باعث بنتے ہیں، ان سے فتنے اور فساد پھیلتے ہیں، جو کمزور عقل، علم اور دین کے مالک ہیں وہ ان کی وجہ سے پریشانی میں ملوث ہو جاتے ہیں، انہیں حق باطل کی صورت میں اور باطل حق کی صورت میں نظر آتا ہے۔

یہ بات اللہ تعالی پر جھوٹ باندھنے اور اللہ کی شریعت کے ساتھ اس کے بندوں پر تہمت لگانے کے مترادف ہے کہ کچھ لوگ عارضی ،گھٹیا اور دنیاوی فوائد کی خاطر علم کے بغیر فتوے صادر کر رہے ہیں، بغیر کسی حجت کے اللہ کی جانب بات منسوب کرتے ہیں، ہوس پر مبنی اور من گھڑت فتوے صادر کر رہے ہیں اور صحیح دلیل سے متصادم رخصتوں پر عمل کرنے والے ہیں، منسوخ یا ضعیف دلائل پر مبنی شاذ اقوال اپناتے ہیں، ان کے فتووں سے پیدا ہونے والی خرابیوں اور اسلام سمیت مسلمانوں کے ہونے والے نقصان کا ادراک معمولی سی بھی بصیرت رکھنے والا بھی رکھتا ہے، ایسا موقف اپناتے ہیں جو وہی شخص ہی کہہ سکتا ہے جس کا دل اللہ تعالی کی تعظیم، جلال اور تقوی سے خالی ہو، جو شخص دنیا کی محبت میں خالق کو چھوڑ کر مخلوق سے تعلق بنانے کا رسیا ہو۔

{لِيَحْمِلُوا أَوْزَارَهُمْ كَامِلَةً يَوْمَ الْقِيَامَةِ وَمِنْ أَوْزَارِ الَّذِينَ يُضِلُّونَهُمْ بِغَيْرِ عِلْمٍ أَلَا سَاءَ مَا يَزِرُونَ}
 تاکہ قیامت کے دن اپنے بوجھ تو پورے کے پورے اٹھائیں اور کچھ ان لوگوں کے بھی جنہیں وہ بغیر علم کے گمراہ کرتے رہے دیکھو ! کیسا برا بوجھ ہے جو وہ اٹھائیں گے [النحل: 25]

یہ ایسے لوگ ہیں کہ علم سے کورے ، اور ان کا مطالعہ انتہائی محدود ہے، بے راہ روی میں مبتلا ہیں، یہ شریعت سے متصادم امور کا علی الاعلان اظہار کر رہے ہیں، اسلام کے نام پر انہوں نے ایسے کام کیے ہیں جن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

 ابن وہب رحمہ اللہ کہتے ہیں: "میں نے امام مالک رحمہ اللہ کو سنا کہ :فتوی دینے میں جلد بازی بھی جہالت اور نابلد ہونے کی قسم ہے" امام مالک رحمہ اللہ ہی مزید کہتے ہیں: "میں نے اس وقت تک فتوی دینا شروع نہیں کیا جب تک میرے بارے میں ستر اہل علم نے فتوی نویسی کے اہل ہونے کی گواہی نہیں دی"

اللہ تعالی نے اس شخص کو خوب وعید سنائی ہے جو من مانی کرتے ہوئے اللہ کی حرام کردہ چیزوں کو حلال قرار دے، یا اللہ تعالی کی جانب سے حلال کردہ چیز کو حرام قرار دے، چنانچہ فرمانِ باری تعالی ہے:
 {وَلَا تَقُولُوا لِمَا تَصِفُ أَلْسِنَتُكُمُ الْكَذِبَ هَذَا حَلَالٌ وَهَذَا حَرَامٌ لِتَفْتَرُوا عَلَى اللَّهِ الْكَذِبَ إِنَّ الَّذِينَ يَفْتَرُونَ عَلَى اللَّهِ الْكَذِبَ لَا يُفْلِحُونَ (116) مَتَاعٌ قَلِيلٌ وَلَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ}
 اپنی زبانوں سے جھوٹ بولتے ہوئے یوں نہ کہو کہ: "یہ حلال ہے اور یہ حرام ہے " تا کہ تم اللہ پر جھوٹ افترا کرنے لگو۔ جو لوگ اللہ پر جھوٹ افترا کرتے ہیں وہ کبھی فلاح نہیں پاتے [117] انہیں بہت معمولی فائدہ ملتا ہے اور ان کے لئے ہی دردناک عذاب ہے۔ [النحل: 116، 117]

مسلمانو!

دین الہی غلو اور شدت کے درمیان اعتدال کا نام ہے۔ غلو، شدت اور افراط و تفریط یہ دو انتہائی آفتیں ہیں، یہ منحرف راستے اور کج روی ہیں، یہ مضبوط دین اور صراط مستقیم سے دوری کا باعث ہیں؛ اس لیے غلو اور شدت سے اجتناب کرو، چنانچہ عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ: (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمارے لیے ایک لکیر کھینچی اور پھر فرمایا: یہ اللہ کا راستہ ہے، پھر اس کے بعد اس لکیر کے دائیں بائیں بھی لکیریں کھینچیں، اور پھر فرمایا: یہ الگ الگ راستے ہیں، ہر ایک راستے پر شیطان بیٹھا اس کی طرف بلا رہا ہے، پھر آپ نے یہ آیت پڑھی: 

{وَأَنَّ هَذَا صِرَاطِي مُسْتَقِيمًا فَاتَّبِعُوهُ وَلَا تَتَّبِعُوا السُّبُلَ فَتَفَرَّقَ بِكُمْ عَنْ سَبِيلِهِ}
 اور بلاشبہ یہی میری سیدھی راہ ہے لہذا اسی پر چلتے جاؤ اور دوسری راہوں پر نہ چلو ورنہ وہ تمہیں اللہ کی راہ سے ہٹا کر جدا جدا کر دیں گی اللہ نے تمہیں انہی باتوں کا حکم دیا ہے شاید کہ تم (کجروی سے) بچ جاؤ [الأنعام: 153]) احمد

نواس بن سمعان انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (اللہ تعالی نے صراط مستقیم کی مثال ذکر کی کہ: صراط مستقیم کے دونوں جانب دیواریں ہیں جن میں کھلے ہوئے دروازے ہیں اور دروازوں پر پردے لٹکے ہوئے ہیں، اور راستے کے دروازے پر ایک بلانے والا پکار رہا ہے: لوگو! راستے میں سب کے سب داخل ہو جاؤ ، اور اِدھر اُدھر مت ہونا، پھر راستے کے اوپر ایک اور بلانے والا ہے، جب کوئی شخص ان دروازوں میں سے کسی دروازے کو کھولنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ کہتا ہے: تمہاری بربادی ہو! اسے مت کھولو، اگر تم اس کو کھولو گے تو اس میں داخل ہو جاؤ گے۔ اس مثال میں راستہ اسلام ہے، لٹکے ہوئے پردے اللہ کی حدود ہیں، کھلے ہوئے دروازے اللہ کے حرام کردہ امور ہیں، اور اس راستے کے سرے پر پکارنے والا اللہ کا قرآن ہے، اور اوپر سے پکارنے والا ہر مسلمان کے دل میں موجود ضمیر ہے ) احمد، ترمذی




کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں