خوش رہنے کا پلان



خوش رہنے کا پلان

پتا نہیں کب اور کیسے ہوا لیکن یہ ہو گیا کہ ہم نے مل بیٹھ کر یا خود سے ہی ایک پلان بنایا۔ ”خوش رہنے کا پلان“ یا خوشیوں کا پلان۔
  کہ اگر ہمارے پاس بہت سارے پیسے ہوں گے تب ہی ہم خوش ہوں گے۔ اگر فلاں والی کامیابی ملے گی تب ہی خوشی محسوس ہو گی وغیرہ وغیرہ۔ باقی وقت میں دل کا سوئچ بند رہتا ہے۔ کیوں؟ جس وقت آنکھ کھلتی ہے اور دنیا میں کھلتی ہے، اور خاندان کے لوگ موجود ہوتے ہیں، اور دل بھی اپنی جگہ پر ہوتا ہے، تب کیوں نہیں خوش ہوتے؟ جس وقت کوئی آواز دیتا ہے اور سنائی دے جاتا ہے تب کیوں نہیں خوشی محسوس ہوتی۔ کسی عزیز کی صورت دیکھ کر دل باغ باغ کیوں نہیں ہوتا؟ تحفے میں ہمیں چیزیں ہی کیوں خوش کرتی ہیں، دعائیں کیوں نہیں کرتیں؟ کیونکہ دعائیں مفت کی ہوتی ہیں اس لیے؟ لیکن یہ مفت کی دعائیں بہت سی قیمتی چیزوں کا ڈھیر لگا دیتی ہیں۔
ہمیں مسکراہٹیں خوش کیوں نہیں کرتیں؟ خود کی، دوسروں کی، ہر ایک کی۔

اب تو میں یہ عام دیکھ رہی ہوں کہ جہاں کسی کو مسکراتے ہوئے دیکھا وہاں کوئی ایسا طنز یا سوال کر دیا جس سے اس بے چارے کی مسکراہٹ اپنی موت آپ مر گئی۔ جو کوئی اپنے آپ میں خوش با ش رہنے کی کوشش کرتا ہے، اسے کسی نہ کسی ٹینشن میں ڈال دیتے ہیں، جیسے تمہارا وزن بڑھ رہا ہے، تم کوئی جاب کیوں نہیں کر لیتی، تمہیں فلاں فلاں چیز کا نہیں پتا؟ دنیا میں نہیں رہتی کیا؟ تمہاری منگنی کیوں ٹوٹی، طلاق کیوں ہوئی۔ وغیرہ وغیرہ

اپنی وش لسٹ یا خوشی لسٹ چیک کریں! اگر کوئی ہے تو اس پر سب سے اوپر یہ چیز لکھ دیں کہ چیزیں کمفرٹ دے سکتی ہیں، خوشی نہیں۔ خوشی صرف دل دیتا ہے۔ 
وہ دل جو پرسکون ہے۔
 دل کو سکون ہماری نیت دیتی ہے۔ 
وہ نیت جو نیک ہے، صالح ہےاور شاکر ہے۔



تبصرہ کرکے اپنی رائے کا اظہار کریں۔۔ شکریہ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں