ذہنی تناؤ سے کس طرح نبٹیں
حصہ پنجم
استفادہ لیکچر: یاسمین مجاہد
بشکریہ: نعمان علی خان اردو فیس بک پیج
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
نکتہ نمبر 8
'Perfectionism' (کاملیت) کو اپنے دماغ سے نکال دیں۔ یہاں میں خصوصی طور پر خواتین سے بات کروں گی۔ ہمارے اردگرد ہمیشہ یہ دکھایا اور بتایا گیا ہے کہ ہمیں Perfect (کامل) ہونا ہے، ٹھیک؟
اس خیال سے باہر آئیں۔ آپ کو جسمانی، دماغی، یا روحانی طور پر بھی کامل نہیں ہونا۔ آپ کو خود کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہنا ہے، لیکن کامل ہونے کی کوشش نہیں کرنی۔
جب ہم یہ سوچتے ہیں نا کہ ہمیں کامل بننا ہے، اگر روحانی طور پر بھی کہا جائے تو آپ یہ دیکھیں ہم انسان ہیں، ہم غلطی کریں گے۔ لیکن جو لوگ 'کامل' بننے کے آئیڈیا کو لے کر جدوجہد کرتے ہیں، وہ جدوجہد کامل جسم بنانے کی ہو، کامل دماغی صلاحیت ثابت کرنے کی یا پھر کامل مسلمان بننے کی، ان کی ایک غلطی ان کو مایوسیوں کے اندھیروں میں لے جاتی ہے۔ کیونکہ انہوں نے کامل بننا ہوتا ہے۔
ہمیں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی کامل ہونے کا نہیں کہا۔ ہمارا انسان ہونا ہی اس بات کی نشاندہی ہے کہ ہمیں کامل نہیں ہونا۔ انسان ہونا ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پھسل جائیں گے، گناہ کریں گے، اور ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہم میں بہترین لوگ کون ہیں بھلا؟ وہ جو گناہ نہیں کرتے؟؟
نہیں نہیں۔ ہم میں بہترین وہ ہیں جو گناہ کرنے کے بعد معافی مانگتے ہیں، اور گرنے کے بعد اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ وہیں گر کر بیٹھ نہیں جاتے۔
سو اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ اللہ ہم سے کامل ہونے کو نہیں کہتے۔ وہ بس چاہتے ہیں کہ ہم مایوس نا ہوں، گناہ کے بعد توبہ کرنا نا چھوڑیں، پھسل کر اٹھنا نا بھول جائیں۔ اللہ رحیم ہے، وہ چاہتا ہے آپ واپس پلٹ آئیں۔
نکتہ نمبر ۹
یہ ایک گہرا پوائنٹ ہے، اس پر الگ سے بھی بات کی گئی ہے۔ وہ یہ ہے کہ ہمیں اپنا سینٹرل پوائنٹ ٹھیک رکھنا ہے۔ بعض اوقات ہم چیزوں یا انسانوں کو دل میں اس مقام پر رکھ دیتے ہیں جو ہمارے دل کا سینٹر پوائنٹ ہوتا ہے اور وہاں الٰہ (معبود) کو رکھا جاتا ہے۔ الٰہ وہ ہے جس کے گرد آپکی زندگی گھومتی ہے۔ دولت، شہرت، کاملیت، انسانوں کی محبت بیشک وہ آپکی اولاد ہی کیوں نا ہو۔۔۔۔۔ ہر انسان کا الہ الگ ہوتا ہے۔ جب آپ اس ذات کریم کے علاوہ کسی بھی اور چیز یا انسان کو اپنا الٰہ بنالیں گے تو تکلیف اٹھائیں گے، درد برداشت کرنا پڑے گا۔ کچھ لوگوں نے 'دوسرے لوگ میرے بارے میں کیا کہیں گے' کو الہ بنایا ہوتا ہے۔
آپ سب کچھ کریں، پیسہ کمائیں، محبت کریں۔۔۔ لیکن اس سب کو اپنے وجود کا حصہ مت بنالیں۔ اسکو اپنا الٰہ نا بنالیں۔ بعض اوقات ہمیں پتا بھی نہیں چلتا اور ہم نے انکو اپنا الٰہ بنایا ہوتا ہے۔
اس کو ٹھیک کرلیں۔ اپنے دل کا سینٹرل پوائنٹ ٹھیک کریں۔ صرف ایک ذات پاک کو اپنا الٰہ بنا لیں۔
ختم شد
یہ تمام نکات معروف اسپیکر یاسمین مجاہد کے لیکچر سے لیے گئے ہیں اور "نعمان علی خان اردو" کی ٹیم نے اس کو ہمارے لیے اردو میں ترجمہ کیا ہے۔ تو اپنی دعاؤں میں یاسمین مجاہد سسٹر اور نعمان علی خان اردو پیج کی ٹیم کو بھی یاد رکھیے گا۔
جزاک اللہ خیرا
تبصرہ کرکے اپنی رائے کا اظہار کریں۔۔ شکریہ
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں