مکالمہ ۔۔۔ بہترین راستہ



ایمان اور اسلام میں کیا فرق ہے؟

اسلام راستہ ہے ، اور ایمان منزل۔

پر یہ جو دوسرے مذاہب کے لوگ ، اور کچھ علماء بھی کہتے ہیں ، کہ سب مذاہب ایک ہی اصول پر قائم ہیں ، بس روپ کا فرق ہے۔

شاید ہاں ۔ پر یقیناً نہیں۔

کیسے؟

اگر سب مذاہب دراصل ایک ہی ہیں ، اور صرف روپ کا فرق ہے ، تو پھر اُن کے پیروکار ایک جیسے کیوں نہیں؟

یہ تو پیروکاروں کا مسئلہ لگتا ہے، مذاہب کا نہیں۔

یہ پیروکاروں سے زیادہ اُس مذہب کا مسئلہ ہے ، جو وقت کے ساتھ فکری و عملی ارتقاء کا حامل نہیں ہو سکا ، لہٰذا اسکے ماننے والے بھی نہیں ہو سکے۔

پر مذہب کا ارتقاء ، پیروکار کا کام تو نہیں ہے ناں۔

بالکل۔ آپ سمجھ گئے۔ مذہب کا ارتقاء وہی کرے گا ، جس نے مذہب کو پیدا کیا ، اور جو ایک سے بہتر ایک مذہبی فکر دُنیا میں لایا ، حتیٰ کہ دین مُکمل ہو گیا۔

پر ، کہنے والے تو یہ بھی کہتے ہیں کہ منزل ایک ہی ہے ، بس  راستے مُختلف ہیں۔

یہ بات کہنے والے ایک چھوٹے سے قصبے میں بھی ایک سے دوسری جگہ بہترین راستے سے جاتے ہیں ، جس میں رش کم ہو ، سڑک اچھی ہو ، خوبصورتی ہو، مسائل کم ہوں ، سب سہولتیں ہوں ، اور سب سے بڑھ کر ، منزل پر پہنچنے کی گارنٹی ہو۔ اور یہ بات کہنے والے ایک سے دوسرے شہر ، یا بین الاقوامی سفر کے دوران تو سب سے اچھے رستے ، بہترین ہائی ویز / موٹر ویز ، اعلیٰ معیار کی ائیر لائنز اور سب سے بہتر ذرائع آمدورفت استعمال کرتے ہیں۔

جی۔ وہ تو ظاہر سی بات ہے۔

اب آپ بالکل اچھی طرح سمجھ گئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں