سوال و جواب (مکالمہ)

Image result for q and a

سوال و جواب (مکالمہ)


ویک اینڈ کا کیا پلان ہے؟

میں کُچھ پڑھائی کروں گا۔ وہ جو کمپیوٹر والا  پراجیکٹ ہے، اس کا کام کرنا ہے۔

اُس کی تو تاریخ بہت آگے ہے۔

اور بھی تو کام ہیں ناں۔ جب اُسکی تاریخ قریب آئے گی ، تو ضروری نہیں کہ وقت ہو ہمارے پاس۔

یہ تو ہے۔ پر یہ وقت بھی نہیں آئے گا، اتنی فراغت والا۔ ہاہاہا۔ اتنا اچھا وقت۔ آگے کی آگے دیکھی جائے گی۔

وقت تو  وہی ہے جو گُزر گیا۔ جو آیا ہی نہیں ، وہ تو ایک گُمان ہے۔

اسی لئے کہتا ہوں ، انجوائے کرتے ہیں ویک اینڈ۔

پر آگے کی تیاری بھی تو ضروری ہے ناں۔

 تیاری۔  تمہارا تیاری پہ بڑا زور  رہتا ہے۔

تیاری ضروری ہے۔ ہم ہر وقت امتحان میں ہیں۔ وقت کبھی بھی ختم ہو سکتا ہے۔

تو کیا تیاری کی جائے؟

سوال  یاد رکھے جائیں۔

.سوال! سوال کیوں؟ جواب کیوں نہیں

زندگی کا امتحان کچھ مختلف ہے۔ یہاں سوال ہمیں پہلے سے معلوم ہیں۔ بس انہیں یاد رکھنا ہے۔

اور جواب؟ ان کے بارے میں کیا خیا ل ہے حضور کا؟

جواب تو ہماری پوری زندگی  ہی ہے۔ ہر نیت ، سوچ ، قول، عمل۔ یہ سب جواب ہی تو  ہیں۔

کون سے سوال ہیں آخر؟

کُل سات سوال ہیں۔

اچھا!!۔۔

جی۔ تین قبر کے۔ چار حشر کے۔

کیا کیا بھلا؟

مَن ربُّک؟ مَن دِینُک؟ مَن نبیُک؟

اور حشر کے؟

زندگی کِن کاموں میں گُزاری؟ جوانی کیسے گُزری؟ رزق   (و عِلم )کیسے حاصل کیا؟ کہاں خرچ کیِا؟

 پر  ، ایک بات ہے۔

کیا؟

ہماری زندگیوں کو دیکھا جائے تو لگتا ہے ، ہمارے خیال میں سوال کُچھ مُختلف ہیں۔

جیسے؟

 جیسے ، کِتنا مال بنایا؟ شہرت حاصل کی یا نہیں؟ کِتنا رقبہ اِکٹھا کِیا؟ تفاخر کی کِن بلندیوں پر پہنچے؟  دھوکہ دہی ، جھوٹ ، لالچ ، فریب ، خیانت ، اور ایسی کئی خصوصیات میں کِتنا درجہ پایا؟  طاقت کے نشے میں کیا کُچھ کِیا؟ اور اللہ رحم فرمائے ، ایسا ہی بہت کُچھ۔

آپ ٹھیک کہتے ہیں، پر یہ سوال نہیں۔

تو پِھر ،  یہ کیا ہیں؟

یہ جواب ہیں ۔ اللہ رحم فرمائے۔

جواب؟

جی۔ غلط جواب۔


تبصرہ کرکے اپنی رائے کا اظہار کریں۔۔ شکریہ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں